ہر صبح، عارف (بائیں طرف) اور شیرو (گدھا) منڈاوا کی گلیوں میں گھوم کر سبزیاں اور پھل فروخت کرتے ہیں۔ شیرو پتّا گوبھی، پھول گوبھی، بھنڈی، بینگن، کیلے وغیرہ سے بھری گاڑی کو کھینچتا ہے، جب کہ ۴۰ سالہ عارف محمد، جو پہلے تعمیراتی مقامات پر کام کرتے تھے، اور ان کا معاون (جس نے اپنا نام بتانے سے منع کر دیا) راجستھان کے جھن جھنوں ضلع کے اس قصبہ میں پرانے اور نئے گاہکوں کے ساتھ سودے بازی کرتے ہیں۔ تقریباً آٹھ گھنٹے تک فروخت کے بعد، آدمی اور جانور شام ۵ بجے اپنا کام بند کر دیتے ہیں، تب تک ان کی ۳۰۰-۴۰۰ روپے کی کمائی ہو جاتی ہے، عارف بتاتے ہیں۔ وہ اس سے زیادہ کچھ بتانا نہیں چاہتے اور تیزی سے آگے نکل جاتے ہیں کیوں کہ فروخت کرنے کا یہی سب سے اچھا وقت ہے اور شیرو بھی بے چین ہو رہا ہے۔

راجستھان میں، خاص کر باڑمیر، بیکانیر، چورو اور جیسلمیر ضلعے میں بہت سے شیرو ہوا کرتے تھے۔ آج بھی، ہندوستان میں گدھوں کی کل آبادی کا پانچواں حصہ اسی ریاست میں ہے۔ لیکن مویشیوں کی ۲۰ویں گنتی (۲۰۱۹) کے مطابق، گدھوں کی تعداد تیزی سے کم ہو رہی ہے۔ ہندوستان میں ان کی تعداد ۲۰۱۲ کی گنتی کے وقت ۳ لاکھ ۳۰ ہزار تھی، جو ۲۰۱۹ کی گنتی کے وقت گھٹ کر ایک لاکھ ۲۰ ہزار ہو گئی، یعنی تقریباً ۶۲ فیصد کی کمی۔ راجستھان میں یہ کمی ۷۲ فیصد کے قریب تھی – ۸۱ ہزار سے ۲۳ ہزار۔

PHOTO • Sharmila Joshi

خانہ بدوش مویشی پروروں اور راجستھان کی بہت ہی غریب دیگر برادریوں کے لیے یہ بری خبر ہے، جن کے لیے سامان کی ڈھلائی کرنے والا یہ مویشی معاش کا بنیادی ذریعہ نہ سہی، لیکن اہم ذریعہ ضرور ہے۔ گدھے بہت گرم ماحول میں بھی زندہ رہ سکتے ہیں اور چارے کی کمی کا سامنا دیگر جانوروں کے مقابلے بہتر طریقے سے کر سکتے ہیں۔ لیکن کبھی کبھی ان کے ساتھ برا برتاؤ بھی ہوتا ہے، جب ان سے بہت زیادہ کام لیا جاتا ہے۔

ان کی گھٹتی آبادی کی ایک بڑی وجہ یہ محسوس ہوتی ہے کہ کیریئر یا گاڑی کھینچنے والے کے طور پر، چھوٹی دوری کے نقل و حمل میں ان کا استعمال بہت کم مستحکم ہے۔ اور سب سے غریب گدھا پالنے والی برادریوں میں سے کئی نے اپنا پیشہ بدل لیا ہے، وہ اب کسی بھی گدھے کی پرورش ٹھیک سے کرنے کے قابل نہیں ہیں۔

مویشیوں کی اگلی گنتی کے وقت گدھوں کی تعداد مزید کم ہو سکتی ہے۔ شیرو کی بے چینی شاید یہی بتاتی ہے کہ اسے سمجھ میں آ رہا ہے کہ اس کا اور اس کے قبیلہ کا زمانہ ختم ہونے لگا ہے – لاک ڈاؤن کے دوران ذریعہ معاش کے بڑے پیمانے پر کھو جانے کے بعد تو اور بھی زیادہ۔

مترجم: محمد قمر تبریز

Sharmila Joshi

Sharmila Joshi is former Executive Editor, People's Archive of Rural India, and a writer and occasional teacher.

Other stories by Sharmila Joshi
Translator : Mohd. Qamar Tabrez
dr.qamartabrez@gmail.com

Mohd. Qamar Tabrez is the Translations Editor, Hindi/Urdu, at the People’s Archive of Rural India. He is a Delhi-based journalist, the author of two books, and was associated with newspapers like ‘Roznama Mera Watan’, ‘Rashtriya Sahara’, ‘Chauthi Duniya’ and ‘Avadhnama’. He has a degree in History from Aligarh Muslim University and a PhD from Jawaharlal Nehru University, Delhi.

Other stories by Mohd. Qamar Tabrez