بنگلورو شہر کی گلیوں میں جیسے ہی ’کٹڑ کٹڑ کٹڑ کٹڑ…‘ کی آواز سنائی دیتی ہے، بچوں کو پتہ چل جاتا ہے کہ کھلونے بیچنے والا آ گیا۔ یہ آواز دراصل لالی پاپ کی شکل کے ایک کھلونے، کٹکیٹی کو گھمانے سے نکلتی ہے۔ آواز سنتے ہی ہر بچہ اسے حاصل کرنا چاہتا ہے۔ ہر گلی محلے اور ٹریفک سگنلوں پر کثرت سے فروخت ہونے والے اس چمکدار اور بجنے والے کھلونے کو بیچنے والے اسے مغربی بنگال کے مرشد آباد ضلع سے لے کر آتے ہیں، جو کہ یہاں سے ۲۰۰۰ کلومیٹر سے بھی زیادہ دور ہے۔ اس کھلونے کو بنانے والا ایک شخص فخر سے کہتا ہے، ’’ہمارے ہاتھوں سے بنے کھلونے دور دور تک پہنچ جاتے ہیں۔ اگر ہم وہاں جانا بھی چاہیں تو نہیں جا سکتے…لیکن ہمارا کھلونا وہاں پہنچ جاتا ہے…یہ خوش قسمتی کی بات ہے۔‘‘

مرشد آباد کے ہریہر بلاک میں واقع رام پاڑہ گاؤں کے مرد و خواتین دونوں ہی کٹکیٹی بناتے ہیں (اسے بنگالی زبان میں کوٹکوٹی بھی کہتے ہیں)۔ رام پاڑہ میں اپنے گھر پر کٹکیٹی بنانے والے تپن کمار داس بتاتے ہیں کہ اس میں استعمال ہونے والی مٹی وہ گاؤں کے چاول کے کھیتوں سے، اور بانس کی چھوٹی چھوٹی چھڑیاں دوسرے گاؤں سے لاتے ہیں۔ ان کی پوری فیملی اس کھلونے کو بناتی ہے۔ وہ اس میں رنگ، لوہے کے تار، رنگین کاغذ – اور یہاں تک کہ پرانی فلموں کے ریل بھی استعمال کرتے ہیں۔ داس، جو کچھ سال پہلے کولکاتا کے بڑا بازار سے بڑی مقدار میں فلموں کے ریل لے کر آئے تھے، بتاتے ہیں، ’’فلموں کی ریل سے ایک ایک انچ کا ٹکڑا کاٹ کر انہیں [بانس کی قمچی کے] چیرے میں گھُسا دیا جاتا ہے۔ اس سے چار فَلَیپ (دامن) بن جاتے ہیں۔‘‘ فلیپ کے حرکت کرنے سے کٹکیٹی میں آواز نکلتی ہے۔

ایک کھلونا فروش بتاتا ہے، ’’ہم اسے یہاں لا کر بیچتے ہیں…بغیر اس چیز پر دھیان دیے کہ یہ [جس ریل سے ان ٹکڑوں کو کاٹا گیا ہے] کون سی فلم ہے۔‘‘ ریل میں کیپچر کیے گئے فلم کے مشہور اداکاروں پر نہ تو کوئی خریدار دھیان دیتا ہے اور نہ ہی کھلونا فروش۔ ایک دوسرا کھلونا فروش کٹکیٹی دکھاتے ہوئے کہتا ہے، ’’یہ رنجیت ملک ہیں، جو ہمارے گھر، بنگال کے تھے۔ میں نے ایسے کئی لوگوں کو دیکھا ہے۔ پرسن جیت، اُتّم کمار، ریتو پرنا، ستابدی رائے…اس میں کئی فلمی اداکار ہیں۔‘‘

فلم دیکھیں: کٹکیٹی – ایک کھلونے کی کہانی

کھلونے بیچنے والے کئی لوگ زرعی مزدور ہیں، جن کے لیے یہ آمدنی کا ایک بڑا ذریعہ ہے۔ گھر پر چونکہ انہیں زرعی کام سے بہت کم اجرت ملتی ہے اور جی توڑ محنت کرنی پڑتی ہے، اس لیے انہوں نے اب اس کھلونے کو بیچنا شروع کر دیا ہے۔ اس کے لیے وہ بنگلورو جیسے شہروں کا سفر کرتے ہیں، وہاں مہینوں رکتے ہیں، اور روزانہ ۸ سے ۱۰ گھنٹے پیدل گھوم کر اسے بیچتے ہیں۔ سال ۲۰۲۰ میں کووڈ۔۱۹ وبائی مرض کے دوران اس چھوٹے لیکن تیزی سے پھلتے پھولتے بزنس کو کافی نقصان پہنچا تھا۔ لاک ڈاؤن کی وجہ سے کھلونے بننا بند ہو گئے تھے، کیوں کہ انہیں لانے لے جانے کا بنیادی ذریعہ ریل گاڑیاں ہیں، جو اُن دنوں بند تھیں۔ کئی کھلونا فروشوں کو اپنے گھر لوٹنے پر مجبور ہونا پڑا تھا۔

اداکار: کٹکیٹی بنانے اور انہیں بیچنے والے

ہدایت کاری، سنیماٹوگرافی اور آواز کی ریکارڈنگ: یشسونی رگھونندن

ایڈیٹنگ اور ساؤنڈ ڈیزائن: آرتی پارتھا سارتھی

اس فلم کے ایک ورژن بعنوان ’دَیٹ کلاؤڈ نیور لیفٹ‘ کو سال ۲۰۱۹ میں روٹرڈم، کیسل، شارجہ، پیسارو اور ممبئی کے فلم فیسٹولز میں دکھایا گیا تھا – جہاں اس نے کئی انعامات جیتے اور تعریفیں بٹوریں، جن میں سے ایک فرانس کے فیلاف فلم فیسٹول میں حاصل ہونے والا ’گولڈ فیلاف‘ بھی ہے۔

مترجم: محمد قمر تبریز

Yashaswini Raghunandan

Yashaswini Raghunandan is a 2017 PARI fellow and a filmmaker based in Bengaluru.

Other stories by Yashaswini Raghunandan
Aarthi Parthasarathy

Aarthi Parthasarathy is a Bangalore-based filmmaker and writer. She has worked on a number of short films and documentaries, as well as comics and short graphic stories.

Other stories by Aarthi Parthasarathy
Translator : Mohd. Qamar Tabrez
dr.qamartabrez@gmail.com

Mohd. Qamar Tabrez is the Translations Editor, Hindi/Urdu, at the People’s Archive of Rural India. He is a Delhi-based journalist, the author of two books, and was associated with newspapers like ‘Roznama Mera Watan’, ‘Rashtriya Sahara’, ‘Chauthi Duniya’ and ‘Avadhnama’. He has a degree in History from Aligarh Muslim University and a PhD from Jawaharlal Nehru University, Delhi.

Other stories by Mohd. Qamar Tabrez